نئی دہلی3اپریل (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا) پسماندہ و دلت طبقہ کے مفادات کے تحفظ کے مکمل عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہایس سی ایس ٹی قانون کسی بھی طرح سے کمزور نہیں ہوگا اور ریزرویشن کے متعلق پھیلا ئی گئی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ وزیر داخلہ نے کل’بھارت بند‘ کے دوران ملک کے کچھ حصوں میں ہوئے تشدد میں جانی و مالی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا اور امن اور نظام کو برقرار رکھنے میں تمام سیاسی جماعتوں کا تعاون مانگا۔ لوک سبھا میں دیئے اپنے بیان میں سنگھ نے یہ بھی کہا کہ حکومت پسماندہ طبقات کے مفادات کے تحفظات کو لے کر مکمل طور پر پرعزم ہے اور ایس سی ایس ٹی قانون کو کسی طرح کمزور نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ان دنوں ریزرویشن کو لے کر کئی طرح افواہیں چل رہی ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ ایس سی ایس ٹی قانون کو لے کر سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے خلاف کل طلب ’بھارت بند‘ کے دوران ہوئے تشدد میں کل آٹھ افراد کی موت ہو گئی۔ مدھیہ پردیش میں چھ، اتر پردیش اور راجستھان میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی۔ سنگھ نے کہا کہ وہ تشدد میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور اپیل کرتے ہیں کہ لوگ امن و امان برقرار رکھیں گے۔ کانگریس اور دوسرے اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کی نکتہ چینی اور انادرمک ارکان کی نعرے بازی کے درمیان سنگھ نے کہا کہ اٹارنی جنرل نے نظر ثانی کی درخواست پر جلد سماعت کی اپیل کی ہے اور سپریم کورٹ نے آج ہی سماعت پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں حکومت کی تیاری پر کسی طرح کا شک نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت نے ایس سی،ایس ٹی قانون کو کسی بھی طرح سے کمزور نہیں کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزارت داخلہ نے امن برقرار رکھنے کے لئے ریاستوں کو مشاورت جاری کیا اور ریاستوں کی طرف سے جو بھی مدد مانگی گئی وہ مہیا کرائی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ حالات پر نظررکھے ہوئی ہے اور ریاستوں کے رابطے میں بھی ہے۔ وزیر داخلہ کے بیان کے دوران کانگریس، ترنمول کانگریس، سی پی ایم، این سی پی اور عام آدمی پارٹی کے ارکان نے ہنگامہ آرائی کی اور تشدد روکنے میں حکومت پر ناکامی کا الزام لگایا۔ کانگریس کے سنیل جاکھڑ اور کانتی لال نے یہ سوال کیا کہ تشدد کو کیوں نہیں روکا جا سکا؟ انہوں نے حکومت پر ایس سی،ایس ٹی ایکٹ کو کمزور کرنے اور دلت مخالف رخ اپنانے کا الزام لگایا۔ ترنمول کانگریس کے کلیان بنرجی نے الزام لگایا کہ حکومت کے اضافی سالیشٹر جنرل نے سپریم کورٹ میں موقف صحیح طریقے سے نہیں پیش کیاجس وجہ سے یہ فیصلہ آیا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ حکومت جان بوجھ کر اس قانون کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ان کو اپنا سیاسی مفاد حاصل ہوتا رہے ۔